کووڈ-19

 

کووڈ-19 کی معلوماتی ہاٹ لائن

اگر آپ کووڈ-19 کے متعلق سوالات کرنا چاہتے ہیں تو 1-800-525-0127 پر کال کریں اور 7 دبائیں ۔ جب وہ فون اٹھائیں تو ترجمے کی خدمات حاصل کرنے کے لئے اپنی زبان کا نام لیں۔ یہ ہاٹ لائن پیر کی صبح 6 تا رات 10 بجے اور منگل تا اتوار (اور منائی گئی تعطیلات پر) صبح 6 تا شام 6 بجے دستیاب ہے۔

گھر میں رہنے کے پابند ہیں اور کووڈ-19 ویکسین کی ضرورت ہے؟

رجسٹر ہونے کے تین طریقے ہیں (انگریزی میں) یا کووڈ-19 ہاٹ لائن کو 1-800-525-0127 پر کال کریں اور 7 دبائیں۔

کوروناوائرس (کووڈ-19) ویکسین

کووڈ-19 ویکسینز کے متعلق موجودہ اور تفصیلی معلومات کے لئے براہ کرم اپنی زبان میں یہ ویب صفحہ ملاحظہ کریں: کووڈ-19 ویکسین کی معلومات

کووڈ-19 کی علامات، نشانیاں اور انسداد

کووڈ-19 کی مرکزی علامات درج ذیل ہیں:

  • بخار یا جاڑا، کھانسی، سانس کی تنگی یا سانس لینے میں دشواری، تھکاوٹ، پٹھوں یا جسم میں درد، سر درد، حال ہی میں ذائقہ یا بو آنا بند ہو جانا، گلے میں درد، بند یا بہتی ناک، متلی یا قے، اور اسہال۔
  • اگر آپ کووڈ-19 کی درج ذیل ہنگامی انتباہی علامات دیکھیں تو 911 کو کال کریں:
    • سانس لینے میں دشواری
    • سینے میں مسلسل درد یا دباؤ
    • اچانک تذبذب
    • جواب دینے کے قابل نہ ہونا
    • ہونٹ یا چہرہ جامنی ہو جانا
  • کون سے گروہوں کو خطرہ لاحق ہے؟

میں خود کو اور اپنی فیملی کو کیسے محفوظ رکھوں؟

  • ویکسین لگوائیں اور اہل ہونے پر بوسٹر لگوائیں۔
  • اگر آپ بیمار ہیں تو گھر پر رہیں۔
  • پرہجوم عوامی مقامات پر جاتے ہوئے ماسک استعمال کریں اور پرہجوم عوامی مقامات پر دوسروں سے چھ فٹ (دو میٹر) کا فاصلہ رکھیں۔
  • ہجوم اور ہوا کے خراب بہاؤ والے مقامات سے گریز کریں۔
  • اپنے ہاتھ کثرت سے دھوئیں اور ہینڈ سینیٹائزر استعمال کریں۔
  • اپنی کہنی یا ٹشو سے کھانسی اور چھینکیں ڈھانپیں۔
  • اپنے چہرے، منہ، ناک یا آنکھوں کو ہاتھ نہ لگائیں۔
  • اپنے گھر کی سطحیں صاف کریں۔
  • اگر آپ میں کووڈ-19 کی علامات ہیں تو اپنے طبی معالج سے بات کریں۔ اگر آپ کا معالج نہیں ہے تو اپنے نزدیک موجود فوری مرکز نگہداشت یا کمیونٹی کے مرکز صحت سے رابطہ کریں۔ اگر آپ کی انشورنس نہیں ہے تو مقامی محکمۂ صحت سے رابطہ کریں۔ 
کووڈ-19 کا ٹیسٹ کروانا

کووڈ-19 کے ٹیسٹوں کے متعلق موجودہ اور تفصیلی معلومات کے لئے براہ کرم اپنی زبان میں یہ ویب صفحہ ملاحظہ کریں: کووڈ-19 ٹیسٹ کی معلومات۔

قرنطینہ اور علیحدگی

ان اصطلاحات کے معنی اور علیحدگی یا قرنطینہ کی مدت کے متعلق جاننے کے لئے علیحدگی اور قرنطینہ کا کیلکولیٹر ویب صفحہ ملاحظہ کریں۔

ماسک کا استعمال

جب کووڈ-19 میں مبتلا شخص بولتا، کھانستا یا چھینکتا ہے تو ماسک وائرس کے ذرات کو ہوا میں جانے سے روکتے ہیں۔ ہلکی علامات کے ساتھ یا علامات کے بغیر کووڈ-19 ہونا ممکن ہے۔ ماسک استعمال کرنے سے آپ نادانستہ طور پر دوسروں میں کووڈ-19 منتقل کرنے سے رک جاتے ہیں۔ ممکن ہے کہ جو آپ کے لئے ذرا سا انفیکشن ہے، وہ کسی اور کے لئے جان لیوا ثابت ہو۔

ماسک استعمال کرنے کی تراکیب درج ذیل ہیں:

  • ضروری ہے کہ ماسک آپ کا منہ اور ناک ڈھانپے اور آپ کے چہرے کے اطراف میں پورا فٹ آئے۔
  • اپنے ماسک کے کانوں کے بینڈ یا پٹیاں استعمال کرتے ہوئے اسے پہنیں اور اتاریں، اور ماسک کے اگلے حصے یا اپنے چہرے کو نہ چھوئیں۔
  • طبی عمل کے ماسک ضائع کریں اور انہیں استعمال کرنے کے بعد روزانہ منہ دھوئیں اور اپنے ہاتھ اکثر دھوئیں۔
  • دو سال سے کم عمر بچوں کو کبھی ماسک نہیں پہننے چاہئیں اور 2 تا 4 سالہ بچوں کو بالغ فرد کی نگرانی میں ماسک پہننے چاہئیں۔
  • چند طبی کیفیات میں مبتلا افراد کو ماسک کے آرڈرز سے استثنیٰ حاصل ہے۔ اگر آپ کے کوئی خدشات ہوں تو اپنے ڈاکٹر سے جانیں کہ آپ کے لئے کیا ٹھیک رہے گا۔
مزید محفوظ طریقے سے دکانوں اور عوامی مقامات پر جانا

اپنے اور دوسروں کے تحفظ کے لئے آپ کو گھر سے نکلنے سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میں کئی چیزوں کو مدّنظر رکھنا چاہیے۔

نکلنے سے پہلے:

  • اگر آپ بیمار ہیں تو ممکن ہونے پر کسی دکان یا دیگر عوامی مقام پر نہ جائیں۔ فیملی کے کسی رکن یا دوست سے کہیں کہ وہ آپ کے لئے اشیاء لے آئے۔
  • اشیائے خوردونوش، ادویات اور دیگر اشیاء کو آن لائن آرڈر کے ذریعے گھر منگوانے پر غور کریں۔
  • خصوصی شیڈول چیک کریں۔ دکانوں پر 65 سال سے زائد عمر کے اور خصوصی طبی کیفیات میں مبتلا افراد کے لئے خصوصی اوقات کار موجود ہو سکتے ہیں۔ اگر ممکن ہو تو کم رش کے وقت دکان پر جانے پر غور کریں۔
  • گھر سے نکلنے سے پہلے اپنے ہاتھ دھوئیں۔

جب آپ باہر ہوں:

  • اس طرح ماسک استعمال کریں کہ آپ کی ناک اور منہ ڈھک جائے۔
  • اپنے اور دوسروں کے درمیان چھ فٹ (دو میٹر) کا فاصلہ رکھیں، حتی کہ ادائیگی کی قطار میں بھی۔
  • اپنی کھانسی یا چھینک ڈھانپیں۔
  • اپنے چہرے کو ہاتھ نہ لگائیں۔
  • خریداری کے دوران کارٹ کے ہینڈل یا خریداری کی ٹوکری کو صاف کرنے کے لئے ہینڈ سینیٹائزر یا جراثیم کش وائپس استعمال کریں۔

جب آپ گھر پہنچیں:

  • اگر آپ نے ماسک پہنا تھا تو اسے دھو کر محفوظ رکھنا یقینی بنائیں، یا اگر قابل ضیاع ماسک تھا تو اسے پھینک دیں۔
  • ہاتھ دھوئیں۔
  • خوراک کے تحفظ کے طریقہ کار پر عمل کریں۔ کھانے کی اشیاء پر جراثیم کش مادے استعمال نہ کریں۔ پھلوں اور سبزیوں کو عام طریقے سے دھوئیں۔
  • کووڈ-19 اشیائے خوردونوش کی خریداری کی تراکیب (انگریزی میں)
شدید بیماری کے زیادہ خطرے میں مبتلا افراد

شدید بیماری کے زیادہ خطرے میں مبتلا افراد درج ذیل اضافی احتیاطی تدابیر کر سکتے ہیں:

  • مشورے کی ضرورت ہونے پر اپنے طبی معالج سے رابطہ کریں۔ کچھ کلینک مواصلت کے لئے "مریضوں کے پورٹل" استعمال کرتے ہیں اور وہاں کال سننے اور مشورہ دینے کا عملہ موجود ہو سکتا ہے۔ تاہم ذہن میں رکھیں کہ وہ انتہائی مصروف ہو سکتے ہیں۔
  • اپنی عام ضرورت کی ادویات کی فہرست بنائیں اور اپنی فارمیسی یا طبی معالج سے بات کر کے جانیں کہ وہ آپ کو نسخے کی ادویات کی اضافی سپلائی مہیا کر سکتے ہیں یا نہیں۔ اپنی دیگر ادویات یا سپلیمنٹس کا ریکارڈ رکھیں اور ہدایات کے مطابق اپنی حالیہ کیفیات کی نگرانی کریں۔
  • تمام مجوزہ ویکسینز وقت پر لگوائیں۔ جب آپ اہل ہوں تو کووڈ-19 ویکسین اور بوسٹر ضرور لگوائیں۔ اپنے نزدیک ویکسین فراہم کنندہ تلاش کرنے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس اتنی خوراک اور ذاتی صفائی کی مصنوعات موجود ہوں کہ آپ کو علیحدگی یا قرنطینہ کی ضرورت پڑنے پر وہ کام آئیں۔
  • کسی ایسے شخص کی شناخت کریں جو آپ کی مدد کر سکتا ہو اور اس سے کہیں کہ آپ کو فون پر کال کر کے یقینی بنائے کہ آپ ٹھیک ہیں۔ یقینی بنائیں کہ یہ شخص سمجھتا ہو کہ اگر اس کی طبیعت ٹھیک نہیں تو اسے آپ سے ملنے نہیں آنا چاہیے۔
  • اپنی صحت کی نگرانی کریں اور ضرورت ہونے پر طبی توجہ حاصل کریں۔
حمل، بچے اور کووڈ-19

اگر آپ اس وقت حاملہ ہیں تو کیا معلومات ہونی چاہئیں

  • حاملہ یا حال ہی میں حاملہ ہونے والی خواتین کو غیر حاملہ خواتین کی نسبت کووڈ-19 سے شدید بیمار ہونے کا زیادہ خطرہ لاحق ہے۔
  • جن خواتین کو حمل کے دوران کووڈ-19 ہو جائے، انہیں قبل از وقت پیدائش (37 ہفتوں سے پہلے بچے کی پیدائش) اور مردہ بچے کی پیدائش کا بھی زیادہ خطرہ ہوتا ہے اور حمل کی دیگر پیچیدگیوں کا بھی زیادہ خطرہ ہو سکتا ہے۔
  • حاملہ یا حال ہی میں حاملہ ہونے والی خواتین کو خود کو کووڈ-19 سے بچانے کے لئے درج ذیل اقدامات پر عمل کرنا چاہیے:
    • ویکسین اور بوسٹر ٹیکہ لگوائیں۔
    • ماسک پہنیں۔
    • دوسروں سے 6 فٹ کے فاصلے پر رہیں اور ہجوم اور ہوا کے خراب بہاؤ والے مقامات سے گریز کریں۔
    • دوسروں میں انفیکشن پھیلانے سے بچنے کے لئے ٹیسٹ کروائیں۔
    • اکثر ہاتھ دھوئیں اور اپنی کہنی یا ٹشو سے کھانسی اور چھینکیں ڈھانپیں۔
    • اپنا گھر باقاعدگی سے صاف اور جراثیم سے پاک کریں۔
    • اپنی صحت کی روزانہ نگرانی کریں۔
    • اگر آپ کو اپنے حمل کے متعلق کوئی تحفظات ہوں، آپ بیمار پڑ جائیں یا سمجھیں کہ آپ کو کووڈ-19 ہو سکتا ہے تو اپنے طبی معالج سے فوری رابطہ کریں۔

حمل اور کووڈ-19 ویکسین

  • حاملہ، بچے کو دودھ پلانے والی، حاملہ ہونے کی کوشش کرنے والی یا مستقبل میں حاملہ ہونے کا امکان رکھنے والی خواتین کے لئے کووڈ-19 ویکسینیشن کی تجویز دی جاتی ہے۔
  • حمل کے دوران کووڈ-19 ویکسینیشن کے تحفظ اور افادیت کے متعلق ثبوت میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ حمل کے دوران کووڈ-19 ویکسین لگوانے کے فوائد ویکسینیشن کے معلوم یا ممکنہ خطرات سے زیادہ ہیں۔
  • حاملہ خواتین کو اہل ہونے پر کووڈ-19 ویکسین بوسٹر لگوانی چاہیے۔
  • کووڈ-19 ویکسینز سے کووڈ-19 انفیکشن نہیں ہوتا، اس میں حاملہ خواتین یا ان کے بچے شامل ہیں۔
  • فی الحال ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ کووڈ-19 ویکسینز سمیت کوئی بھی ویکسین عورتوں یا مردوں میں تولیدی مسائل پیدا کرتی ہے۔
  • حاملہ ہیں اور کووڈ-19 ویکسین کے متعلق مزید سوالات کرنا چاہتی ہیں؟ اپنے طبی معالج سے بات کریں یا MotherToBaby سے رابطہ کریں، جنکے ماہرین فون یا چیٹ پر سوالات کے جوابات دینے کے لئے دستیاب ہیں۔ یہ مفت خفیہ سروس پیر تا جمعہ صبح 8 تا شام 5 بجے دستیاب ہے۔ لائیو چیٹ کے لئے MotherToBaby (ماں سے بچہ) پر جائیں، یا ای میل بھیجیں یا 1-866-626-6847 پر کال کریں (صرف انگریزی اور ہسپانوی زبان میں دستیاب ہے)۔

اگر آپ کو کووڈ-19 ہو تو نوزائیدہ بچوں کا خیال رکھنا

  • حمل کے دوران کووڈ-19 میں مبتلا ہونے والی اکثر خواتین کے بچوں کو پیدائش کے وقت کووڈ-19 نہیں ہوتا۔
  • جن نوزائیدہ بچوں کا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آیا، ان میں سے اکثر میں تھوڑی بہت علامات تھیں یا کوئی علامات نہیں تھیں اور وہ صحت یاب ہو گئے۔ رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ نوزائیدہ بچوں کو شدید کووڈ-19 مرض ہو گیا۔
  • اگر آپ کووڈ-19 کے باعث علیحدگی میں ہیں اور آپ کا بچہ ہوا ہے تو اپنی علیحدگی کی مدت ختم ہونے تک درج ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
    • گھر پر رہ کر خود کو اپنے گھر کے باہر کے افراد سے الگ کر لیں۔
    • گھر کے دیگر ایسے افراد سے علیحدگی اختیار کریں (دور رہیں) جنہیں انفیکشن نہ ہو، اور مشترکہ جگہوں پر ماسک پہنیں۔
    • اپنے نوزائیدہ بچے کے لئے ایسا صحت مند نگہداشت کنندہ رکھیں جو مکمل ویکسین یافتہ ہو اور شدید بیماری کے زیادہ خطرے میں مبتلا نہ ہو۔ اگر ممکن ہو تو دودھ پمپ کریں تاکہ دوسرا نگہداشت کنندہ بچے کو وہ پلا سکے۔ اگر آپ فارمولا پلا رہی ہیں تو صحت مند نگہداشت کنندہ سے اسے تیار کروائیں۔
    • اگر آپ کے لئے علیحدگی کی مدت ختم ہونے سے پہلے اپنے نوزائیدہ بچے کا خیال رکھنا ضروری ہو تو مجوزہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، بشمول بچے کو دودھ پلاتے یا گود میں اٹھاتے ہوئے ماسک پہننا۔
    • اپنے نوزائیدہ بچے میں کووڈ-19 کی علامات کی نگرانی کریں۔
    • مشتبہ یا مصدقہ کووڈ-19 کے ساتھ حمل، پیدائش اور بچے کا خیال رکھنا (انگریزی میں)
  • موجودہ ثبوت سے ظاہر ہوتا ہے کہ چھاتی کے دودھ کے ذریعے بچوں میں وائرس پھیلنے کا امکان نہیں ہے۔ حالیہ مطالعات سے ظاہر ہوا کہ کووڈ-19 کی ویکسینیشن کروانے والی خواتین نے چھاتی کے دودھ کے ذریعے اپنے بچوں میں حفاظتی اینٹی باڈیز منتقل کیں۔ اگر آپ کو کووڈ-19 ہے اور آپ چھاتی کا دودھ پلانے کا فیصلہ کریں تو:
    • دودھ پلانے سے پہلے ہاتھ دھوئیں
    • دودھ پلاتے ہوئے اور جب بھی آپ بچے سے 6 فٹ سے زیادہ نزدیک ہوں تو ماسک پہنیں۔

ذہنی صحت کے متعلق مدد اور معلومات کی ضرورت رکھنے والے حاملہ یا نئے والدین یا ان کے پیاروں کے لئے پیرنٹ سپورٹ ہیلپ لائن دستیاب ہے۔ پیر تا جمعہ صبح 9 تا شام 4:30 بجے 7763-404-888-1 پر کال کریں (صرف انگریزی اور ہسپانوی زبان میں)۔ ہماری وارم لائن پر ایک سماجی کارکن، لائسنس یافتہ تھیراپسٹ یا ایسے والد/والدہ موجود ہیں جنہیں بعد از پیدائش ڈپریشن/گھبراہٹ کا تجربہ ہے۔ ان اوقات کے علاوہ کی جانے والی کالز کا جلد از جلد جواب دیا جائے گا۔ ہمیں warmline@perinatalsupport.org پر ٹیکسٹ، کال یا ای میل کریں۔

اپنا اور اپنی فیملی کا خیال رکھنا

Washington Listens (واشنگٹن سنتا ہے): اگر آپ کو کووڈ-19 سے پیدا ہونے والے تناؤ کے متعلق کسی سے بات کرنے کی ضرورت ہے تو Washington Listens کو 0211-681-833-1 پر کال کریں۔ پیر تا جمعہ صبح 9:00 تا رات 9:00 بجے اور ویک اینڈ پر صبح 9:00 تا شام 6:00 بجے کوئی بات کرنے کے لئے ہمیشہ موجود ہوتا ہے۔ TTY اور زبان کی رسائی کی خدمات دستیاب ہوں گی۔ ذہنی اور جذباتی بہبود کے مزید وسائل آپ کو یہاں مل سکتے ہیں (انگریزی میں)۔

  • بھروسہ مند میڈیا، عوامی اور مقامی طبی ایجنسیوں، اور صحت عامہ کی ویب سائٹس کی خبروں کے ذریعے وبا کی حالیہ صورتحال اور اضافی تجاویز سے اچھی طرح آگاہ رہیں۔
  • کمیونٹی کے وسائل کی فہرست بنائیں، جیسا کہ فون نمبر، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس۔ آپ اسکول، ڈاکٹر، صحت عامہ کی تنظیمیں، سماجی خدمات، ذہنی صحت کے کمیونٹی مراکز اور بحران کی ہاٹ لائنز شامل کر سکتے ہیں۔
  • فون یا آن لائن خدمات کے ذریعے فیملی کے ارکان اور دوستوں سے رابطے میں رہیں۔
  • صحت کا بنیادی سامان اپنے پاس رکھیں (جیسا کہ صابن، الکوحل پر مبنی ہینڈ سینیٹائزر، ٹشو، تھرمامیٹر، بخار کم کرنے والی ادویات اور گھر پر کیے جانے والے کووڈ-19 ٹیسٹ کی کٹس)۔
  • اپنی اور اپنی فیملی کے ارکان کی باقاعدگی سے لی جانے والی ادویات کی سپلائی رکھنے کی کوشش کریں۔

اپنی فیملی کے بچوں کی مدد کریں

  • ان کے دوستوں اور فیملی سے فون، ٹیکسٹ، ای میل یا سوشل میڈیا کے ذریعے بات کرتے ہوئے ان کی معاونت حاصل کرنے اور رابطہ جاری رکھنے کی کوشش کریں۔
  • اگر وہ اس خبر سے پریشان ہو جائیں تو وقفہ لینا نہ بھولیں۔ اپنے بچوں سے بات کر کے انہیں انٹرنیٹ یا دیگر وسائل سے ملنے والی معلومات کی وضاحت کریں۔
  • بچوں کو سوالات پوچھنے کی ترغیب دے کر اور موجودہ صورتحال سمجھا کر ان کی معاونت کرنے پر مرکوز رہیں۔
  • ان کے احساسات کے متعلق بات کریں اور ان کا احترام کریں۔
  • ڈرائنگ یا دیگر سرگرمیوں کے ذریعے انہیں احساسات کا اظہار کرنے میں مدد دیں۔
  • عام حالات کی نسبت مزید آرام فراہم کریں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔

فیملی کی سرگرمیاں

خواہ آپ کی فیملی علیحدگی یا قرنطینہ اختیار کیے ہوئے ہے، یاد رکھیں کہ یہ عارضی ہے۔

نیند کے اوقات، کھانے اور ورزش کے متعلق فیملی کا شیڈول مستحکم رکھیں۔

اگر آپ کے بچے اپنے اسکولوں یا دیگر تنظیموں کے فراہم کردہ فاصلے سے تعلیم کے مواقع میں شرکت کریں تو بچوں کے ان کے ساتھیوں کے ساتھ محفوظ تعامل کے مواقع تلاش کریں۔

سمجھیں کہ وبا جیسی تناؤ سے بھرپور صورتحال میں تنہائی، بیزاری، مرض لگنے کا خوف، گھبراہٹ، پریشانی اور ہیبت کے احساسات عام ردعمل ہیں۔

اپنی فیملی کو مزے دار اور بامعنی سرگرمیاں انجام دینے میں مدد دیں جو آپ کی فیملی اور ثقافت کی اقدار کے مطابق ہوں۔

اضافی وسائل